واشنگٹن ،17جنوری(آئی این ایس انڈیا) امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اورلینڈو نائٹ کلب پر مسلح حملہ کرنے والے عمر متین کی بیوی کو کارِ سرکار میں مداخلت کے الزامات پر گرفتار کیا گیا ہے۔اٹارنی جنرل لوریتا لِنچ نے پیر کے روز اِس بات کی تصدیق کی کہ نور سلمان کو سان فرانسسکو سے گرفتار کیا گیا۔ اِس اقدام کے سلسلے میں فوری طور پر مزید تفصیل دستیاب نہیں ہوسکیں۔جب جون، 2016ء میں اُن کے شوہر نے اورلینڈو نائٹ کلب پر گولیاں چلائی تھیں، پولیس نے اُن کی بیوی کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی ہوئی تھی، جس دہشت گرد حملے میں 49افراد ہلاک جب کہ 50سے زائد زخمی ہوئے، جن کے لیے بتایا جاتا ہے کہ وہ داعش کے انتہا پسندوں کے زیرِ اثر تھا۔تنصیب پر دہشت گرد حملے اور تین گھنٹے کے تعطل کے بعد، پولیس نے 29برس کے متین کو گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔
اورلینڈو پولیس اور ایف بی آئی نے یہ جاننے کی کوشش کی تھی آیا نور سلمان کو اپنے شوہر کی منصوبہ سازی کا پیشگی پتا تھا۔دی واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ قانون کے نفاذ سے وابستہ اہل کار نے اِس سے قبل اخباری نمائندوں کو بتایا تھا کہ نور سلمان اپنے شوہر کے ہمراہ کم از کم ایک مرتبہ اورلینڈو کے پَلس نائٹ کلب گئی تھیں۔یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ جب وہ اسلحہ خریدنے گیا، وہ اُن کے ساتھ تھیں۔نور سلمان نے فوری طور پر اپنی گرفتاری پر کوئی بیان نہیں دیا۔ لیکن، اِس سے قبل اُنھوں نے اہل کاروں کو بتایا تھا کہ اُن کا شوہر اُنھیں مارا پیٹا کرتا تھا؛ اور یہ کہ وہ ذاتی سرگرمیوں میں خفیہ طور پر چھپ کر ملوث ہوتا تھا۔